صحافت تحقیق، دیانتداری اور ذمہ داری کا نام ہے، عامر کیانی

جہلم پریس کلب کے سینئر صحافی اور صدر الیکٹرانک میڈیا عامر کیانی نے کہا ہے کہ صحافت ایک باوقار اور ذمہ دار پیشہ ہے جس کی بنیاد درست معلومات، تحقیق، توازن اور دیانتداری پر ہونی چاہیے۔ انہوں نے صحافیوں پر زور دیا کہ وہ اپنی علمی صلاحیتوں میں اضافہ کریں اور روزانہ کی بنیاد پر مطالعے کو اپنا معمول بنائیں۔
عامر کیانی کا کہنا تھا کہ صحافت صرف خبروں تک محدود نہیں بلکہ تحقیقاتی صحافت اور عوامی مسائل پر توجہ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ صحافیوں کو خبر نویسی کے اصول، زبان و بیان کی درستگی اور ملکی و بین الاقوامی حالات سے باخبر رہنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل ذرائع کا درست استعمال سیکھنا ہر صحافی کی ذمہ داری ہے، سوشل میڈیا پر بغیر تصدیق کے مواد کی تشہیر سے گریز کیا جائے اور ہمیشہ پیشہ ورانہ اخلاقیات کو مقدم رکھا جائے۔
عامر کیانی نے مزید کہا کہ صحافی معاشرے کا آئینہ ہوتے ہیں، ان کی تحریریں اور الفاظ عوامی سوچ پر اثرانداز ہوتے ہیں، اس لیے ذاتی کردار سازی اور مسلسل تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے۔



