جہلم میں ون ڈش پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کا فیصلہ، خلاف ورزی پر قانونی کارروائی ہوگی


جہلم: وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلع جہلم میں ون ڈش پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر سید محمد میثم عباس نے ضلع کی چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو واضح ہدایات جاری کر دی ہیں کہ شادی ہالز، میرج گارڈنز، مارکیز اور دیگر تقریبات میں ون ڈش پالیسی پر سختی سے عمل کرایا جائے۔ کسی بھی قسم کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر سید محمد میثم عباس نے کہا کہ حکومت کا یہ اقدام فضول خرچی اور غیر ضروری اخراجات کو کم کرنے کے لیے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس مہم کو کامیاب بنانے میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جو بھی ون ڈش پالیسی کی خلاف ورزی کرے گا، اس کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا اور کسی کو بھی رعایت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ چاروں تحصیلوں میں شادی ہالز اور تقریبات کی سختی سے مانیٹرنگ کی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی ہوگی۔
انہوں نے واضح کیا کہ ضلع بھر میں ون ڈش پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور اس مہم کو ہر صورت کامیاب بنایا جائے گا۔



