جہلم میں ہوائی فائرنگ اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے والے 3 ملزمان گرفتار

جہلم پولیس کی بڑی کارروائی، ہوائی فائرنگ اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے والے 3 ملزمان کو گرفتار کر کے ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے جہلم پولیس کی مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔ تھانہ چوٹالہ پولیس نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ہوائی فائرنگ کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے والے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان میں توقیر احمد، ثاقب اور خلیل شامل ہیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران ملزم توقیر احمد سے کلاشنکوف نما پسٹل رائفل، ملزم ثاقب سے 12 بور بندوق بمعہ ایمونیشن برآمد کر لی گئی جبکہ خلیل کو بھی دیگر قانونی الزامات کے تحت حراست میں لیا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ ناجائز اسلحہ رکھنے اور اس کی نمائش کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں تاکہ امن و امان کو برقرار رکھا جا سکے۔



