جہلم پولیس کا رمضان المبارک کے دوران امن و امان کے قیام کیلئے جامع سکیورٹی پلان جاری

جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کی زیرِ نگرانی رمضان المبارک کے مقدس اور بابرکت مہینے میں امن و امان برقرار رکھنے اور شہریوں کو بحفاظت مذہبی فرائض کی ادائیگی کے لیے ضلع بھر میں جامع سکیورٹی پلان جاری کر دیا گیا ہے۔
سکیورٹی پلان کے مطابق ضلع جہلم میں مجموعی طور پر 160 مساجد، جن میں کیٹگری اے کی 1، کیٹگری بی کی 54 اور کیٹگری سی کی 105 مساجد شامل ہیں، جبکہ 12 امام بارگاہوں پر سخت سکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے۔ عبادت گاہوں کو حساسیت کے لحاظ سے اے، بی اور سی کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے تاکہ مؤثر، بروقت اور متناسب سکیورٹی فراہم کی جا سکے۔
جہلم پولیس کی جانب سے رمضان المبارک کے دوران 350 سے زائد پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دیں گے جبکہ ایلیٹ پولیس فورس کے 5 سیکشنز شہری آبادی میں مسلسل پیٹرولنگ کریں گے۔ اس کے علاوہ لیڈیز سائیکل اسکواڈ کو بھی بازاروں اور رش والے علاقوں میں تعینات کیا گیا ہے تاکہ خواتین شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس ممکن بنایا جا سکے۔
رمضان سہولت بازاروں پر بھی خصوصی سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ وہاں تعینات پولیس اہلکار خریداری کے لیے آنے والے شہریوں، بالخصوص خواتین اور بزرگ افراد کو تحفظ فراہم کریں گے جبکہ ٹریفک پولیس رش کے اوقات میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے گی۔
سحری، افطاری اور نمازِ تراویح کے اوقات میں محافظ اسکواڈ، ایلیٹ فورس، لیڈیز سائیکل اسکواڈ اور متعلقہ تھانہ جات کی پولیس موبائل گاڑیاں مسلسل گشت کریں گی۔ اس کے ساتھ ساتھ سی سی ٹی وی اور سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ضلع بھر کی سکیورٹی صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی، جبکہ اہم مقامات، عبادت گاہوں اور رمضان سہولت بازاروں کے اطراف مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے ہدایت کی ہے کہ تمام سپروائزری افسران اور ایس ایچ اوز اپنے اپنے علاقوں میں امن و امان کے قیام کو یقینی بنائیں اور سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں کو باقاعدگی سے چیک اور بریف کریں۔
انہوں نے کہا کہ سخت سکیورٹی انتظامات کا مقصد رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو مکمل تحفظ کا احساس دلانا اور ضلع بھر میں پُرامن ماحول کو یقینی بنانا ہے۔ ڈی پی او نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے گردونواح میں مشکوک افراد یا سرگرمیوں کی فوری اطلاع پولیس کو دیں اور امن عامہ کے قیام میں جہلم پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔



