سرکاری نرخ نامے پر گوشت کی فروخت نہ ہو سکی، شہری مہنگے داموں خریدنے پر مجبور

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں انتظامیہ سرکاری نرخ نامے پر گوشت کی فروخت یقینی بنانے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے جس کے باعث شہری مہنگے داموں گوشت خریدنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
گائے کے گوشت کا سرکاری نرخ 900 روپے مقرر ہے مگر بازاروں میں یہ 1200 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے جبکہ بکرے کا گوشت سرکاری نرخ 1700 روپے کی بجائے 2500 سے 2700 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ قصاب سرکاری نرخ نامے کو مکمل طور پر نظر انداز کرتے ہوئے من مانے دام وصول کر رہے ہیں۔
شہریوں کے مطابق جہلم شہر سمیت ضلع بھر کے مختلف قصبوں اور دیہات میں قصابوں نے انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث اندھیر نگری مچا رکھی ہے اور حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق معیاری گوشت کا حصول بھی مشکل ہو چکا ہے۔ بعض قصاب لاغر اور بیمار جانوروں کا گوشت اور پانی ملا گوشت فروخت کرتے بھی دکھائی دیتے ہیں۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک اپنے اختتام کے قریب پہنچ چکا ہے مگر انتظامیہ اب تک سرکاری نرخ نامے پر گوشت کی فروخت یقینی نہیں بنا سکی۔
شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری زراعت، سیکرٹری لائیو سٹاک، ڈی جی پیرا فورس اور ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے اور گراں فروشی کے مرتکب قصابوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔



