نانبائیوں کی من مانی، روٹی اور نان مہنگے داموں فروخت، غریب طبقہ شدید متاثر

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں نانبائیوں اور تندور مالکان کی جانب سے مبینہ طور پر یکجہتی اختیار کرتے ہوئے روٹی اور نان سرکاری نرخوں پر فروخت نہ کرنے کے باعث غریب اور سفید پوش طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہو گیا ہے۔
ضلع کے مختلف علاقوں میں تندور مالکان سرکاری نرخ نامہ نمایاں طور پر آویزاں نہیں کر رہے۔ روٹی مقررہ قیمت 14 روپے کے بجائے 20 روپے جبکہ نان 20 روپے کے بجائے 25 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ پہلے ہی مہنگائی نے کمر توڑ رکھی ہے، ایسے میں روٹی جیسی بنیادی ضرورت کی قیمتوں میں اضافہ ظلم کے مترادف ہے۔
غریب اور نادار طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدور کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل بنتا جا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر انتظامیہ نے فوری اور مؤثر کارروائی نہ کی تو صورتحال مزید بگڑ سکتی ہے۔
عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ چیکنگ کا نظام مؤثر بنایا جائے، سرکاری نرخ نامے پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی کی جائے تاکہ عام آدمی کو حقیقی ریلیف مل سکے۔



