شجرکاری مہم؛ معروف سماجی شخصیت ملک محمد صادق نے تھانہ سول لائنز میں پودے لگوا دیے

جہلم: معروف سماجی شخصیت، روڈ سیفٹی ایکسپرٹ اور اوورسیز پاکستانی ملک محمد صادق (آف یوکے) نے شجرکاری مہم کے تحت تھانہ سول لائنز جہلم میں پودے لگا کر ماحول دوست سرگرمی کا آغاز کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق جہلم میں تھانہ سول لائنز کے ایس ایچ او محمد عمران کی خواہش پر تھانے کے باہر شجرکاری کی خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک محمد صادق (آف یوکے) نے پودے لگا کر مہم کا افتتاح کیا۔ اس اقدام کا مقصد تھانے اور اس کے گردونواح کو سرسبز و شاداب بنانا اور ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا تھا۔

تقریب میں پولیس افسران، سماجی شخصیات، علاقائی معززین اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے ملک محمد صادق اور ایس ایچ او محمد عمران کے اس مثبت اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں ماحولیاتی آلودگی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے شجرکاری ناگزیر ہو چکی ہے اور ایسے اقدامات معاشرے میں ماحول دوست سوچ کو فروغ دیتے ہیں۔

اس موقع پر مقررین نے کہا کہ درخت لگانا نہ صرف ماحول کو صاف اور خوشگوار بنانے کا ذریعہ ہے بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے بہتر مستقبل کی ضمانت بھی ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر سرسبز پاکستان کے خواب کو حقیقت بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

تقریب کے اختتام پر شجرکاری مہم کی کامیابی، لگائے گئے پودوں کی حفاظت اور نشوونما کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ شرکاء نے ملک و قوم کی سلامتی، امن و امان کے قیام اور پولیس اہلکاروں کی حفاظت و کامیابی کے لیے بھی دعائیں مانگیں۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ اس طرح کی فلاحی اور ماحول دوست سرگرمیاں معاشرے میں مثبت تبدیلی کا ذریعہ بنتی ہیں اور شہریوں میں قومی و سماجی ذمہ داریوں کا احساس اجاگر کرتی ہیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button