ملک بھر کی طرح جہلم میں بھی شب معراج مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی

جہلم: رحمتوں اور برکتوں والی رات ‘شبِ معراج’ ملک بھر کی طرح جہلم ضلع بھر میں بھی انتہائی مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔
اس موقع پر ضلع بھر کی مساجد کو خوبصورتی سے سجایا گیا، چراغاں کیا گیا اور خصوصی محافل و عبادات کا اہتمام کیا گیا۔ علمائے کرام اور مقررین نے واقعہ معراج اور اس کی فضیلت پر روشنی ڈالی۔ محافل میں نعت خواں حضرات نے حضور اکرم ﷺ کی شانِ مبارک میں نعتیہ کلام پیش کیا۔
27 رجب المرجب کی شب نبی آخر الزمان حضرت محمد ﷺ کو ‘معراج’ کا شرف عطاء کیا گیا تھا۔ اس رات حضرت جبرائیل علیہ السلام براق لے کر حضور اکرم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کی: "اے اللہ کے رسول! آپ کا رب آپ سے ملاقات چاہتا ہے۔”
اس مقدس سفر میں حضور اکرم ﷺ براق پر سوار ہوئے، مکہ سے ‘مسجد اقصیٰ’ تشریف لے گئے، جہاں تمام انبیائے کرام کی نماز کی امامت فرمائی۔ پھر آپ ﷺ کو آسمانوں پر اللہ تعالیٰ سے ملاقات کے لیے لے جایا گیا۔ اس سفر میں آپ ﷺ کو جنت اور دوزخ بھی دکھائی گئی۔ اسی سفر کے دوران مسلمانوں کے لیے ‘نماز’ فرض ہوئی، جو ‘معراج النبی’ کا سب سے بڑا تحفہ ہے۔
شبِ معراج کے موقع پر ہونے والے تمام پروگراموں میں لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اس مقدس رات کی برکتوں سے فیض یاب ہوئے۔



