جہلم شہر کی سڑکوں کو لاوارث چھوڑ دیا گیا، متعدد سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار

جہلم: ضلعی انتظامیہ نے شہر کی اہم سڑکوں کی تعمیر ات تو کروادیں لیکن اندورن شہر کی سڑکوں کو لاوارث چھوڑ دیا۔ متعدد علاقوں کو جوڑنے والی رابطہ سڑکیں عدم توجہی کے باعث ٹوٹ پھوٹ کا شکار، شہریوں کی قیمتی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں کھٹارہ بننے لگیں، شہریوں کو آمدورفت میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے جہلم شہر کو حسین بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ شہر کی سڑکیں، چوک چوراہے تو تعمیر کر دیئے گئے ہیںلیکن اندرون شہر کی رابطہ سڑکیں جن میں کمیلا روڈ، قبرستان روڈ، جی ٹی روڈ تا روہتاس روڈ انتہائی خستہ حال ہونے سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہیں۔
مذکورہ سڑکوں میں سیوریج کا نظام بھی انتہائی ناگفتہ بہ ہے جس کیوجہ سے گٹروں کا گندہ پانی سڑکوں ، گلی محلوں میں جمع ہونے سے سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے کے ساتھ ساتھ بیماریاں پھیلانے کا بھی باعث بن رہی ہیں۔
شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب، کمشنر راولپنڈی اور منتخب ممبران قومی و صوبائی اسمبلی سمیت ارباب اختیار سے مطالبہ کیاہے کہ جس طرح شہر کی اہم سڑکوں کے لئے فنڈز جاری کروا کر سڑکیں تعمیر کی گئیں۔ اسی طرح اندرون شہر کی رابطہ سڑکوں کی تعمیر اور سیوریج لائنوں کی درستگی کے لئے فنڈز جاری کروائے جائیں تاکہ سڑکوں اور سیوریج لائنوں کو از سر نو تعمیر کروا کے شہریوں کو مشکلات سے چھٹکارہ دلوایا جائے ، جس سے جہلم شہر کے باسی آج کے ترقی یافتہ دور میں شامل ہو سکیں۔
تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں



