صفائی کے کام میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن

پنڈدادنخان: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے تحصیل پنڈ دادنخان کا تفصیلی دورہ کیا اور یونین کونسل ٹوبہ میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر پنڈ دادنخان نادیہ پروین اور راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (RWMC) کا فیلڈ سٹاف بھی ان کے ہمراہ موجود تھا۔ ڈپٹی کمشنر نے گلیوں اور محلوں میں صفائی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے متعلقہ عملے کو سخت ہدایات جاری کیں۔

ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے یونین کونسل کے مختلف حصوں کا معائنہ کرتے ہوئے کوڑا کرکٹ کی بروقت منتقلی اور نالیوں کی صفائی کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر نادیہ پروین کو ہدایت کی کہ وہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے سٹاف کی حاضری اور ورکنگ کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کریں تاکہ عوامی مقامات پر صفائی کا معیار برقرار رہے۔

ڈپٹی کمشنر نے صفائی مہم کو مزید مؤثر بنانے کے لیے انتظامی افسران کو فیلڈ میں متحرک رہنے کا حکم دیا۔

اختتام پر ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے واضح کیا کہ شہروں کے ساتھ ساتھ دیہاتوں اور یونین کونسلز میں بھی صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات حکومت کی اولین ترجیح ہیں۔ انہوں نے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے حکام کو وارننگ دی کہ صفائی کے کام میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے مقامی شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور کوڑا مخصوص جگہوں پر پھینکیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button