محکمہ اوقاف کا تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن، کشمیر چوک کے قریب 15 سے زائد دکانیں سیل

پنڈ دادنخان: محکمہ اوقاف نے موضع محال بارانی میں سرکاری اراضی پر قائم تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن کرتے ہوئے کشمیر چوک (راجہ ہوٹل) کے قریب واقع مارکیٹ میں 15 سے زائد دکانیں سیل کر دیں اور سرکاری اراضی واگزار کرا لی۔
رپورٹ کے مطابق محکمہ اوقاف نے موضع محال بارانی میں واقع 9 کنال 11 مرلے سرکاری اراضی پر قائم غیر قانونی تجاوزات کے خلاف عدالتی احکامات کی روشنی میں کارروائی کی۔ آپریشن کے دوران کشمیر چوک (راجہ ہوٹل) کے قریب قائم مارکیٹ میں 15 سے زائد دکانوں کو سیل کر دیا گیا۔
کارروائی کے موقع پر محکمہ اوقاف کے افسران و اہلکار، ایس ایچ او تھانہ پنڈ دادنخان ملک نثار، پولیس کی بھاری نفری، متعلقہ محکموں کے اہلکار اور بھاری مشینری بھی موجود تھی۔ آپریشن کے دوران غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سرکاری اراضی واگزار کرائی گئی اور دکانوں کو سرکاری تحویل میں لے لیا گیا۔
محکمہ اوقاف کے حکام نے کہا کہ سرکاری اراضی پر ناجائز قبضے اور غیر قانونی تعمیرات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عدالتی احکامات پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور سرکاری املاک کے تحفظ کے لیے تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی قانون کے مطابق جاری رہیں گی۔
حکام کا مزید کہنا تھا کہ سرکاری اراضی پر قبضہ مافیا کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ قومی اثاثوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے اور قانون کی عملداری برقرار رہے۔



