جہلم کے تاجروں، ریڑھی بانوں اور بااثر کمیشن مافیا نے سرکاری احکامات ہوا میں اڑا دیئے، تجاوزات کی بھرمار

جہلم: ضلعی و میونسپل کمیٹی کی انتظامیہ کی جانب سے بارہا کیے جانے والے نوٹیفکیشن کا نفاذ فوٹو سیشن نکلا،شتربے مہار تاجروں، ریڑھی بانوں اور بااثر کمیشن مافیا نے سرکاری احکامات ہوا میں اڑا دیئے۔

ضلعی ہیڈ کوارٹر کے عین وسط شاندار چوک کی مصروف ترین سڑکوں کے ساتھ تعمیر کئے گئے فٹ پاتھوں کا قبضہ تجاوزات مافیا سے واگزار نہ کروایا جا سکا۔ بااثر دکانداروں نے میونسپل کمیٹی کے شعبہ انسدادِ تجاوزات کی مبینہ ملی بھگت سے فٹ پاتھوں پر خود ساختہ قبضے کرکے دکانیں سجا لی ہیں۔ راہگیروں کو پیدل چلنے میں شدید دشواری کا سامنا۔تجاوزات کے خلاف آپریشن فوٹو سیشن تک محدود ہوکررہ گئے۔

جہلم کی ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے شاندار چوک کے چاروں اطراف ریلوے روڈ ، اولڈ جی ٹی روڈ، سول لائن روڈ اور تحصیل روڈ پر فٹ پاتھ تعمیر کروائے تاکہ خواتین ، بچوں اور بزرگ شہریوں کو چلنے میں دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

میونسپل کمیٹی کے شعبہ انسدادِ تجاوزات کی سرپرستی میں بااثر دکانداروں نے چاروں اطراف فٹ پاتھوں کو اپنے قبضے میں لیکر دکانیں سجا رکھی ہیں جس کیوجہ سے خریداری کے لئے آنے والی خواتین اور بچوں کو سڑکوں پر پیدل چلنا پڑتا ہے ۔

شہری تنظیموں کے عمائدین نے اخبار نویسوں کو بتایا کہ درجنوں مرتبہ حکومت پنجاب کے احکامات پر میونسپل کمیٹی نے تجاوزات مافیا کے خلاف آپریشن کئے ہیں لیکن فٹ پاتھوں پر قائم ہونے والی تجاوزات کو کسی نے واگزار کروانے کی ضرورت محسوس نہیں کی جو کہ میونسپل کمیٹی کے ذمہ داران کی کارکردگی پر گہرا سوالیہ نشان ہے۔

شہری تنظیموں کے عمائدین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری بلدیات سے نوٹس لینے اور شہر کے فٹ پاتھ قبضہ مافیا سے واگزار کروانے کا مطالبہ کیاہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button