ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں مزید کمی

ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی، ملک میں مہنگائی کی مجموعی سالانہ شرح 21 اعشاریہ 31 فیصد پر آگئی۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں لہسن 7 اعشاریہ 87 اور مرغی کا گوشت 5 اعشاریہ 92 فیصد سستا ہوا۔ اس کے علاوہ آٹا 4 اعشاریہ 66 فیصد، پیاز 1 اعشاریہ 99 فیصد اور انڈوں کی قیمت میں 1 اعشاریہ 22 فیصد ،،ایل پی جی 3 اعشاریہ 23 فیصد اور جلانے والی لکڑی کی قیمت میں 0 اعشاریہ 04 فیصد کمی ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق گائے کا گوشت 0 اعشاریہ 49 فیصد اور چنے کی دال کی قیمت 0 اعشاریہ 42 فیصد بڑھی،حالیہ ہفتے میں چائے، بکرے کا گوشت، گڑ، دہی، دودھ اور سگریٹس بھی مہنگے ہوئے۔
گزشتہ ہفتے بھی قلیل مدتی مہنگائی کی شرح میں 1 اعشاریہ 01 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تھی،جس کے بعد سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح تنزلی کے بعد 21 اعشاریہ 22 فیصد پر آگئی تھی۔
ایک ہفتے کے دوران 18 اشیا سستی اور 12 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں، جبکہ 21 مصنوعات کی قیمتیں مستحکم رہیں۔



