سول ہسپتال جہلم کے ای این ٹی اسپیشلسٹ نے 4 سالہ بچے کے کان میں پھنسے موتی کو نکال لیا

جہلم: ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم کی ای این ٹی اسپیشلسٹ کی کامیاب کارروائی، بچے کے کان سے دو دن سے پھنسا ہوا موتی نکال لیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم میں ای این ٹی اسپیشلسٹ ڈاکٹر فاطمہ نساء نے 4 سالہ بچے کے دائیں کان سے موتی کامیابی سے نکال لیا جو کہ گزشتہ دو دن سے پھنسا ہوا تھا۔
ڈاکٹر فاطمہ نساء کے مطابق کسی مقامی غیر تربیت یافتہ عطائی نے کان میں چھیڑ چھاڑ کی جس کے باعث بچے کے کان کا پردہ (ٹائیمپینک میمبرین) پھٹ گیا اور درمیانی کان میں سوجن اور نقصان پیدا ہو گیا۔
ڈاکٹر فاطمہ نساء نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نہایت مہارت اور احتیاط سے موتی نکالا اور بچے کو ضروری علاج و ادویات مہیا کیں۔ والدین نے ہسپتال انتظامیہ اور میڈیکل ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔
ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم اور ان کی ٹیم نے اس موقع پر کہا کہ عوام کو چاہیے کہ کسی بھی طبی مسئلے کی صورت میں مستند ڈاکٹروں سے رجوع کریں، عطائیوں سے علاج کروا کر اپنی اور بچوں کی زندگیوں کو خطرے میں نہ ڈالیں۔
انہوں نے عملے کو ہدایت کی کہ ڈیوٹی کے اوقات میں مزید بہتری سے کام کریں، محکمانہ ادویات کی دستیابی یقینی بنائیں، اور التوا شدہ معاملات کو جلد از جلد حل کریں۔
ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم نے اپنے پیغام میں کہا کہ "ہمارا نعرہ: حکام کی ہدایات کے مطابق عمل کرنا اور مریضوں کے ساتھ تحمل اور سکون سے پیش آنا ہے۔ اسی جذبے سے محنت جاری رکھیں گے۔”



