ڈسٹرکٹ جیل میں نصب موبائل سگنل جیمر سے قرب و جوار میں موبائل سروس متاثر

جہلم: ڈسٹرکٹ جیل جہلم میں نصب موبائل سگنلز جیمر کے باعث قرب و جوار کے علاقوں میں موبائل فون سروس متاثر ہونے سے شہریوں، وکلا، سائلین اور مختلف سرکاری محکموں کے افسران و ملازمین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
جیمر کے اثرات کے باعث ضلع کچہری، ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس، محکمہ بلڈنگ، محکمہ ہائی وے، لوکل گورنمنٹ، ویٹرنری ہسپتال، محکمہ لائیو سٹاک، محکمہ زراعت، سپورٹس جمنیزیم، محکمہ تعلیم، ضلع کونسل سمیت دیگر سرکاری اداروں اور ملحقہ آبادیوں میں موبائل رابطوں میں خلل معمول بن چکا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ڈسٹرکٹ جیل جہلم میں قیدیوں کے بیرونِ جیل موبائل رابطوں کو روکنے کے لیے موبائل سگنلز جیمر نصب کیا گیا ہے، تاہم اس کے دائرۂ اثر میں آنے والے قریبی علاقوں کے شہری بھی موبائل رابطے کی سہولت سے محروم ہو رہے ہیں۔ جیمر کی وجہ سے موبائل فون کالز اور رابطوں میں خلل پیدا ہونے کے باعث سرکاری امور، دفتری رابطوں، وکلا کے پیشہ ورانہ معاملات اور عام شہریوں کے روزمرہ مواصلاتی مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔
قرب و جوار میں واقع سرکاری دفاتر میں فرائض انجام دینے والے افسران و ملازمین کے ساتھ ساتھ ضلع کچہری آنے والے وکلا اور سائلین کو بھی موبائل رابطے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ متاثرہ افراد کے مطابق موجودہ صورتحال کے باعث ضروری دفتری اور ذاتی رابطے بروقت نہ ہونے سے معمول کے کام بھی متاثر ہو رہے ہیں۔
قابلِ ذکر امر یہ ہے کہ جیل انتظامیہ کی جانب سے اسیران کے بیرونِ جیل رابطوں کے لیے ڈسٹرکٹ جیل کے اندر پبلک کال آفس کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے، جہاں قیدیوں کو مقررہ طریقہ کار کے تحت رابطے کی سہولت حاصل ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر جیل کے اندر اسیران کے لیے رابطے کا باقاعدہ نظام موجود ہے تو موبائل سگنلز جیمر کے دائرۂ اثر کو اس حد تک محدود کیا جانا چاہیے کہ اس سے جیل سے باہر عام شہریوں، سرکاری دفاتر، ضلع کچہری اور دیگر اداروں کے معمولات متاثر نہ ہوں۔
قرب و جوار کے مکینوں، وکلا، سائلین اور دیگر متاثرہ افراد نے اربابِ اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے موبائل سگنلز جیمر کی ٹیکنیکل سیٹنگ اور دائرۂ اثر کا جائزہ لیا جائے اور ایسا مؤثر حل تلاش کیا جائے جس سے ڈسٹرکٹ جیل کی سکیورٹی بھی برقرار رہے اور قریبی آبادی، وکلا، سائلین اور سرکاری اداروں کو موبائل رابطے میں درپیش مشکلات سے بھی نجات مل سکے۔
متاثرہ شہریوں نے امید ظاہر کی ہے کہ متعلقہ حکام جیمر کے دائرۂ اثر کو محدود کرنے کے لیے تکنیکی اقدامات کریں گے تاکہ جیل کی سکیورٹی ضروریات اور عام شہریوں و سرکاری اداروں کی مواصلاتی ضروریات کے درمیان مناسب توازن قائم کیا جا سکے۔



