ضلع جہلم میں 78 واں یوم آزادی قومی جوش و جذبہ اور پرعزم طریقے سے منایا گیا

جہلم: ضلع جہلم میں پاکستان کا 78 واں یوم آزادی قومی جوش و جذبہ اور پرعزم طریقے سے منایا گیا۔

تفصیلات کے مطابق 78 ویں یوم آزادی پاکستان کی خصوصی تقریب میجر اکرم شہید پارک میں شاندار انداز میں منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، ممبران اسمبلی، ضلعی انتظامیہ، پولیس افسران، شہری اور طلبا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز پرچم کشائی سے ہوا جو وفاقی وزیر مملکت بلال اظہر کیانی اور ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے کی۔ اس موقع پر قومی ترانہ پیش کیا گیا اور جہلم پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔ بعد ازاں ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے میجر اکرم شہید کی یادگار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

یوم آزادی کے حوالے سے خصوصی کیک کاٹا گیا جس میں وفاقی وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، ڈی سی جہلم میثم عباس، ڈی پی او طارق عزیز سندھو اور ممبر قومی اسمبلی فرخ الطاف نے حصہ لیا۔

وفاقی وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ معرکۂ حق کی کامیابی نے جشنِ آزادی کا لطف دوبالا کر دیا ہے، ہم وطن کی خاطر قربانیاں دینے والے تمام شہدائے تحریک پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے کہا کہ آج پوری قوم جوش و خروش سے جشنِ آزادی منا رہی ہے۔ ممبر قومی اسمبلی فرخ الطاف نے بھی معرکۂ حق اور جشن آزادی پر پوری قوم کو مبارکباد دی۔

تقریب میں بچوں نے ملی نغمے اور ٹیبلو پیش کیے، جبکہ وفاقی وزیر مملکت اور ڈپٹی کمشنر جہلم نے امن کی علامت کے طور پر پرندوں کو آزاد کیا اور قومی پرچم کے رنگوں کے غبارے فضاء میں چھوڑے۔

یوم پاکستان کی دوسری بڑی تقریب گورنمنٹ ہائی سکول میں منعقد ہوئی جس میں مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر کیانی، وفاقی وزیر مملکت بلال اظہر کیانی اور ڈپٹی کمشنر جہلم نے شرکت کی۔ تقریب میں پاکستان کا دوسرا بڑا پرچم لہرایا گیا جس میں محکمہ تعلیم کے افسران، اساتذہ اور طلبا نے بھرپور شرکت کی۔

اس تقریب میں کراٹے شو، ٹیبلو اور قومی ترانوں کی پیشکش کی گئی۔ ڈاکٹر اظہر کیانی نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاک فوج نے معرکۂ حق میں دشمن کا منہ کالا کر دیا اور پوری قوم کو جشن آزادی کی مبارکباد پیش کی۔

ضلع جہلم کی دیگر تحصیلوں، دینہ، سوہاوہ اور پنڈدادنخان میں بھی 78ویں یوم آزادی کی مناسبت سے پروقار تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جن میں مقامی انتظامیہ، عوام، طلبا اور سیاسی و سماجی رہنماؤں نے بھرپور شرکت کی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button