ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا حکم

جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جہلم طارق عزیز سندھو کی زیر صدارت ڈی پی او آفس میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ٹریفک کے مسائل اور قوانین کے نفاذ پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں انچارج چوکی پنجاب ہائی وے پولیس چک مہیوں، چک اکا، مصری موڑ، موٹر وہیکل ایگزامینر اور انچارج ٹریفک پولیس جہلم نے شرکت کی۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں میں ٹریفک قوانین کی آگاہی پیدا کرنے کے لیے مہم کو مزید موثر بنایا جائے۔ انہوں نے خاص طور پر موٹر سائیکل سواروں کو لین ڈسپلن کی پابندی پر زور دیا اور کم عمر ڈرائیوروں کی حوصلہ شکنی کے لیے عملی اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔
ڈی پی او نے اوورلوڈنگ اور ایکسل لوڈ مینیجمنٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پبلک سروس گاڑیوں میں زائد مسافروں، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور غیر قانونی طریقے سے چلنے والی گاڑیوں پر جرمانے عائد کیے جائیں۔ انہوں نے بازاروں میں ٹریفک کے رش کو کم کرنے کے لیے اضافی نفری تعینات کرنے کی ہدایت بھی دی تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے، غیر قانونی پارکنگ اور رفتار کی حد سے تجاوز کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ اس کے علاوہ، شہریوں کو ہدایت دی گئی کہ وہ اپنی گاڑیوں کی فٹنس کو یقینی بنائیں اور قوانین کی پاسداری کریں تاکہ محفوظ اور آلودگی سے پاک ماحول فراہم کیا جا سکے۔
طارق عزیز سندھو نے کہا کہ قوانین کا احترام نہ صرف حادثات سے بچنے کے لیے ضروری ہے بلکہ دوسروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کا بھی ذریعہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو بہترین اور پرامن ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور قانون کی عملداری میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔



