سوہاوہ میں دوستوں کے ساتھ شکار کیلئے جانے والا نوجوان گولی لگنے سے جاں بحق، دوست فرار

161
سوہاوہ کے علاقے ڈومیلی میں دوستوں کے ساتھ شکار کیلئے جانے والا نوجوان گولی لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں تھانہ ڈومیلی کے علاقہ میں دوستوں کے ساتھ شکار کے لیے جانے والے کامران نامی نوجوان کی لاش جنگل سے برآمد ہو گئی۔ پولیس کے مطابق نوجوان کی ہلاکت گولی لگنے کے باعث ہوئی ہے جبکہ واقعے کے بعد اس کے ساتھ جانے والے دوست موقع سے فرار ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کی لاش کو قانونی کارروائی مکمل کرنے کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال سوہاوہ منتقل کر دیا گیا ہے جہاں پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے۔ مدعی کی جانب سے مقتول کے دوستوں کو قتل کے مقدمے میں نامزد کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کے تمام پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے، جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لئے ہیں اور نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
مقتول کی شناخت کامران کے نام سے ہوئی ہے جو تھانہ ڈومیلی کے علاقہ آئمہ کا رہائشی تھا۔ واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے جبکہ پولیس کی جانب سے تحقیقات کو تیز کر دیا گیا ہے۔



