عوامی مسائل کا حل دہلیز پر فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، سنیہ صافی

پنڈ دادنخان: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کے احکامات کی روشنی میں عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریوینیو (ADCR) سنیہ صافی نے جلال پور، تحصیل پنڈ دادنخان میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر پنڈ دادنخان نادیہ پروین بھی ان کے ہمراہ موجود تھیں۔ کھلی کچہری کا مقصد ریوینیو، بلدیہ اور دیگر عوامی شکایات کو براہ راست سن کر ان کا موقع پر حل یقینی بنانا تھا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریوینیو سنیہ صافی نے کھلی کچہری میں شہر و دیہی علاقوں سے آئے ہوئے شہریوں کی شکایات انفرادی طور پر سنیں اور متعلقہ افسران کو حل کے لیے احکامات جاری کیے۔ کچہری میں ریوینیو ریکارڈ، صفائی ستھرائی، بلدیاتی امور اور دیگر سہولیات سے متعلق درخواستیں وصول کی گئیں۔
اسسٹنٹ کمشنر نادیہ پروین نے مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر عوامی مسائل کے حل کے لیے بریفنگ دی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریوینیو سنیہ صافی نے واضح کیا کہ ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر عوامی مسائل کا حل دہلیز پر فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریوینیو اور بلدیاتی معاملات میں شفافیت کو برقرار رکھا جائے گا اور شہریوں کی شکایات کا ازالہ روزانہ کی بنیاد پر کیا جا رہا ہے۔ کھلی کچہریوں کا یہ سلسلہ تمام شہر و دیہی علاقوں میں جاری رہے گا تاکہ انتظامیہ اور عوام کے درمیان فاصلے ختم کیے جا سکیں۔



