تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال پنڈدادنخان میں میلاد النبی ﷺ کی پروقار تقریب کا انعقاد

پنڈدادنخان: تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال پنڈدادنخان میں جشنِ میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں عقیدت و احترام کے ساتھ بارگاہِ رسالت ﷺ میں درود و سلام اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی گئی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی سابق ممبر صوبائی اسمبلی حاجی ناصر محمود للِہ تھے۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد درود و سلام اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی گئی۔
پُرنور محفل میں معروف عالمِ دین عبدالرحمٰن ضیا، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال پنڈدادنخان ڈاکٹر انجم قدیر، ڈاکٹر عون عباس، ڈاکٹر محمد ضیا، ڈاکٹر علی، ڈاکٹر عطاء الرحمٰن سمیت ہسپتال کے ڈاکٹرز، عملے اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مقررین نے حضور اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ اور تعلیمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آپ ﷺ کی حیاتِ مبارکہ تمام انسانیت کے لیے بہترین نمونہ ہے۔ شرکاء نے سیرتِ رسول ﷺ پر عمل پیرا ہونے کے عزم کا اظہار کیا۔
تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی، امن و خوشحالی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد و سربلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔



