نرسنگ طالبات کی معیاری تربیت اور تعلیمی سہولیات کی بہتری اولین ترجیح ہے، ڈپٹی کمشنر جہلم

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال میں قائم نرسنگ کالج کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے تدریسی معیار، طالبات کی پیشہ ورانہ تربیت، انتظامی امور اور دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے نرسنگ کالج کے کلاس رومز، لیبارٹریز اور ہاسٹل کا باریک بینی سے معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ نرسنگ طالبات کی پیشہ ورانہ تربیت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جائے تاکہ وہ مستقبل میں صحت کے شعبے میں مؤثر خدمات انجام دے سکیں۔
میر رضا اوزگن نے ادارے میں صفائی ستھرائی، نظم و ضبط اور تعلیمی ماحول کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے نرسنگ طالبات اور فیکلٹی ممبران سے ملاقات کی، ان کے مسائل، تجاویز اور تحریری سفارشات سنیں اور جائز مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ صحت کے شعبے میں معیاری طبی خدمات کی فراہمی کے لیے نرسنگ اسٹاف کی بہترین تربیت ناگزیر ہے، اس لیے عملی تربیت کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ جہلم طبی تعلیم کے فروغ، نرسنگ اداروں کی بہتری اور طبی عملے کی اعلیٰ معیار کی تربیت کے لیے تمام دستیاب وسائل اور سہولیات کی فراہمی یقینی بناتی رہے گی۔



