دینہ میں بیٹے کا ضعیف العمر باپ پر تشدد، جائیداد اور 30 لاکھ روپے ہتھیا لیے، ملزم گرفتار

دینہ میں بیٹے کا ضعیف العمر باپ پر تشدد، جائیداد اور 30 لاکھ ہتھیا لیے، پولیس نے ملزم گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ کے گاؤں ڈوئیاں میں مبینہ طور پر ناخلف بیٹے کی درندگی نے باپ بیٹے کے رشتے کو شرمندہ کر دیا۔ ضعیف العمر والد نے الزام عائد کیا ہے کہ اس کے حقیقی بیٹے نے نہ صرف اس پر تشدد کیا بلکہ 30 لاکھ روپے کی خطیر رقم اور جائیداد بھی اپنے نام منتقل کروا لی۔
ایف آئی آر کے مطابق ناخلف بیٹا اپنے والد کو باندھ کر بارہا تشدد کا نشانہ بناتا رہا۔ معمر شخص کا کہنا ہے کہ میں نے اپنی ساری جوانی اور 40 سال سے زائد عرصہ بیرون ملک مزدوری کرتے ہوئے صرف اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے قربان کر دیا۔
@jhelumupdates جہلم: 40 سال بیرون ملک مزدوری کرنے والے باپ کا بیٹے نے کیا حال کیا؟ #JhelumUpdates #LatestNews #fyp #breakingnews #dina #foryoupagе #viralvideos ♬ original sound – Jhelum Updates
متاثرہ شخص کا کہنا ہے کہ میں نے اپنے بیٹے کو بیرون ملک بلا کر اس کے لیے روزگار کا انتظام بھی کیا، مگر جب میں واپس آیا تو میرا حقیقی بیٹا ہی میرا دشمن بن گیا۔
متاثرہ بزرگ شہری کے مطابق بیٹے نے جائیداد اور رقم ہتھیانے کے بعد اس پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ دیے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا ہے۔
ایس ایچ او تھانہ دینہ کا کہنا ہے کہ واقعہ کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور معمر شخص کو انصاف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔



