منشیات فروشی کے مقدمے کا فیصلہ، مجرم کو 7 سال قید اور بھاری جرمانے کی سزا

جہلم: منشیات فروشی کے مقدمے کا فیصلہ، مجرم کو 7 سال قید اور بھاری جرمانے کی سزا سنا دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں عدالت نے منشیات فروشی کے مقدمہ نمبر 227/25 بجرم CNSA 9(2)6 تھانہ سٹی کا فیصلہ سناتے ہوئے جرم ثابت ہونے پر ملزم وحید اللہ کو 7 سال قید اور 6 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق مجرم وحید اللہ نے سال 2025 میں منشیات فروشی کے جرم کا ارتکاب کیا تھا، جس پر تھانہ سٹی پولیس نے مقدمہ درج کر کے کارروائی کا آغاز کیا۔
پولیس کے مطابق تفتیش کے دوران ملزم کو ٹریس کر کے گرفتار کیا گیا اور ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت پیش کیا گیا۔ مقدمے کی مؤثر پیروی کے نتیجے میں معزز عدالت نے جرم ثابت ہونے پر ملزم کو قرار واقعی سزا سنائی۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ منشیات فروش معاشرے کے لیے ناسور ہیں اور ایسے عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھنے اور معاشرے کو جرائم سے پاک بنانے کے لیے جہلم پولیس بلاامتیاز قانونی کارروائیاں جاری رکھے گی۔



