شہریوں کو بروقت انصاف کی فراہمی پولیس کی اولین ترجیح ہے، ڈی پی او جہلم طارق عزیز

جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفس جہلم میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) طارق عزیز سندھو کی زیر صدارت پنجاب ہائی وے پٹرولنگ سٹاف کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں انچارج پنجاب ہائی وے پٹرولنگ جہلم، ڈی ایس پی ٹریفک، ڈی ایس او جہلم، ریڈر ڈی پی او اور پنجاب ہائی وے پٹرولنگ کے افسران و جوانوں نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ڈی پی او جہلم نے پنجاب ہائی وے پٹرولنگ سٹاف کو ہدایت کی کہ جی ٹی روڈ پر گشت کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ جرائم کی شرح میں کمی لائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مشکوک افراد اور گاڑیوں کی باریک بینی سے چیکنگ کی جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ مجرمانہ سرگرمی کو بروقت روکا جا سکے۔
ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے ہدایت کی کہ سفر کے دوران کسی بھی قسم کی مشکل یا پریشانی میں مبتلا شہریوں کی فوری مدد کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انصاف کی فراہمی پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے کسی بھی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قانون کی عملداری یقینی بنائی جائے اور تمام افسران و اہلکار اپنے فرائض پوری دیانتداری، مستعدی اور ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں۔
ڈی پی او جہلم کا کہنا تھا کہ پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس عوام کے اعتماد کی علامت ہے، لہٰذا ان کی کارکردگی میں بہتری عوامی فلاح اور امن و امان کے قیام میں اہم کردار ادا کرے گی۔



