جہلم کے نامور ادبی و سماجی شخصیت ڈاکٹر محمد ریاض چوہدری سعودی عرب میں انتقال کر گئے

جہلم سے تعلق رکھنے والے ممتاز ادبی و سماجی شخصیت ڈاکٹر محمد ریاض چوہدری سعودی عرب میں خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ ان کی وفات پر سعودی عرب، پاکستان اور دنیا بھر سے سیاسی، سماجی، ادبی اور صحافتی حلقوں نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

ڈاکٹر ریاض چوہدری طویل عرصے سے سعودی عرب میں مقیم تھے اور وہاں پاکستانی کمیونٹی کی ایک نمایاں اور ہر دلعزیز شخصیت کے طور پر جانے جاتے تھے۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی ادب اور سماجی خدمت کے لیے وقف کیے رکھی۔ ان کا بنیادی تعلق جہلم سے تھا، انہوں نے پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے اور ایل ایل بی کیا جبکہ امریکہ سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔

تعلیمی مراحل مکمل کرنے کے بعد انہوں نے پنجاب اسمبلی میں خدمات انجام دیں اور بعد ازاں سعودی عرب منتقل ہو گئے جہاں وہ انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن، کنگ عبدالعزیز لائبریری اور کنگ فہد لائبریری سے وابستہ رہے۔ وہ پاکستان انٹرنیشنل سکول ریاض کی مینجمنٹ کمیٹی کے رکن بھی رہے۔

ڈاکٹر ریاض چوہدری گزشتہ 42 برس سے عالمی حلقۂ فکر و فن سے وابستہ تھے اور بطور چیئرمین انہوں نے اردو ادب کے فروغ کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دیں۔ مشاعروں کا انعقاد، ادبی محافل کی سرپرستی اور اردو زبان کی ترویج ان کا خاصہ تھا۔ ان کے دو شعری مجموعوں سمیت متعدد کتب شائع ہوئیں جبکہ سعودی حکومت کی جانب سے ان کی دو پروفیشنل کتب بھی شائع کی گئیں۔

وہ سعودی عرب میں مجلسِ پاکستان کے بھی رکن رہے اور سفارت خانہ پاکستان و کمیونٹی کے درمیان ایک اہم رابطہ کار کی حیثیت رکھتے تھے۔ گزشتہ چند برسوں سے وہ امریکہ میں مقیم تھے تاہم سعودی عرب سے ان کا تعلق برقرار رہا اور وہ وہاں ادبی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیتے رہے۔

دو ہفتے قبل وہ امریکہ سے سعودی عرب آئے تھے اور اپنے بیٹے کے ہاں مقیم تھے کہ گزشتہ روز اچانک حرکتِ قلب بند ہونے کے باعث انتقال کر گئے۔ مرحوم کی نمازِ جنازہ بدھ کے روز ریاض میں ادا کی جائے گی جبکہ انہیں مقامی قبرستان میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔

ڈاکٹر محمد ریاض چوہدری کی وفات سے ادبی و سماجی حلقوں میں ایک بڑا خلا پیدا ہو گیا ہے، جسے مدتوں پُر نہیں کیا جا سکے گا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button