جہلم شہر میں تجاوزات مافیا سرگرم، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا

جہلم: میونسپل کمیٹی جہلم کے شعبہ انسداد تجاوزات کی مبینہ غفلت اور خاموشی کے باعث تجاوزات مافیا نے شہر بھر میں دوبارہ قدم جما لیے ہیں۔
شہر کے اہم بازاروں، چوراہوں اور شاہراہوں پر تجاوزات کا راج ہے، جس سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے بلکہ شہریوں کو روزمرہ آمدورفت میں بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
شاندار چوک سے ملحقہ سول لائن روڈ، اولڈ جی ٹی روڈ، ریلوے روڈ، تحصیل روڈ، نیابازار، مین بازار، چوک گنبد والی مسجد، قبرستان چوک، محمدی چوک، روہتاس روڈ، چوک بلال ٹاؤن، چونترہ، کھرالہ اور کالا گجراں سمیت دیگر مقامات پر دوکانداروں اور ریڑھی بانوں نے دوبارہ سرعام تجاوزات قائم کر لی ہیں، جبکہ میونسپل کمیٹی کا انسداد تجاوزات عملہ خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔
شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ انسداد تجاوزات مہم محض کاغذی کارروائیوں تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔ ماضی میں کی گئی وقتی کارروائیوں کے بعد مستقل نگرانی نہ ہونے کے باعث تجاوزات مافیا دوبارہ فعال ہو چکا ہے۔
شہریوں نے کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر جہلم اور ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر بھر میں قائم تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے اور ان عناصر کے خلاف فوجداری مقدمات درج کیے جائیں جو سرکاری جگہوں پر ناجائز قبضہ کر کے عوام کو مشکلات میں مبتلا کر رہے ہیں۔
عوامی حلقوں نے اس امر پر بھی زور دیا ہے کہ شہر کی سڑکوں، بازاروں اور گلی محلوں کو کشادہ بنانے کے لیے مستقل بنیادوں پر انسداد تجاوزات مہم چلائی جائے تاکہ جہلم کو ایک صاف، منظم اور شہری دوست شہر بنایا جا سکے۔



