جہلم میں کرایوں میں کمی پر عملدرآمد نہ ہو سکا، ٹرانسپورٹرز من مانے کرائے وصول کرنے لگے

جہلم میں سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) عملاً غیر فعال نظر آ رہے ہیں، جس کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود ضلع کے عوام کو سفری کرایوں میں کسی قسم کا ریلیف نہ مل سکا۔ ٹرانسپورٹرز کی موجیں لگ گئیں جبکہ مسافر سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔

وفاقی حکومت کی جانب سے گزشتہ ماہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے احکامات جاری کیے گئے تھے، جن پر پنجاب کے دیگر اضلاع میں اگلے ہی روز عملدرآمد شروع ہو گیا۔ تاہم ضلع جہلم میں سیکرٹری آر ٹی اے کی عدم دلچسپی اور غفلت کے باعث تقریباً ایک ماہ گزرنے کے باوجود پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی نہ ہو سکی۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ حکام نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے بجائے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹرانسپورٹرز من مانے کرائے وصول کر رہے ہیں۔ مسافروں کا مزید کہنا ہے کہ آر ٹی اے سیکرٹری کی عدم توجہی کے باعث غریب اور محنت کش طبقہ اضافی مالی بوجھ برداشت کرنے پر مجبور ہے۔

مسافروں اور شہری حلقوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم و چیئرمین ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی میر رضا اوزگن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری نوٹس لیتے ہوئے کرایوں میں کمی کے سرکاری احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ ضلع جہلم کے غریب، سفید پوش اور محنت کش عوام کو حکومتی ریلیف میسر آ سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button