آر ڈبلیو ایم سی اپنی کارکردگی میں نمایاں بہتری لائے، ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیر صدارت راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (RWMC) کے حکام کے ساتھ شہر اور گردونواح میں صفائی ستھرائی اور کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کے انتظامات کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس کا مقصد شہر میں صفائی کے معیار کو بہتر بنانا اور آر ڈبلیو ایم سی کی کارکردگی کو متوقع سطح تک لانا تھا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے حکام سے شہر میں کوڑا اٹھانے کے نظام، مشینری کی دستیابی، ڈمپنگ سائٹس کے انتظامات اور عملے کی حاضری کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ طلب کی۔

میر رضا اوزگن نے ہدایت کی کہ آر ڈبلیو ایم سی اپنی کارکردگی میں نمایاں بہتری لائے اور صفائی کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ شہر کوڑا کرکٹ اور ملبے سے پاک نظر آئے اور شہریوں کو ایک صاف، صحت مند ماحول فراہم کیا جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے آر ڈبلیو ایم سی حکام کو حکم دیا کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر صفائی کے کاموں کی نگرانی کریں، مرکزی شاہراہوں اور گلی محلوں سے کوڑا بروقت اٹھائیں اور اسے ڈمپنگ سائٹ پر ٹھکانے لگائیں۔ انہوں نے انتباہ کیا کہ ناقص کارکردگی کی صورت میں متعلقہ افسران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اجلاس میں شہریوں کی سہولت، صحت اور ماحول دوست انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے تمام حکام کی مکمل ہم آہنگی پر زور دیا گیا تاکہ جہلم شہر صاف اور خوشگوار ماحول کا حامل رہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button