جہلم میں قرآن پاک کی بے حرمتی کا افسوسناک واقعہ، 6 مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا گیا

جہلم کے علاقہ محمود آباد تھانہ کالا گوجراں کی حدود میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے افسوس ناک واقعہ کا معاملہ، پولیس نے 6 مشکوک افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی۔
ترجمان جہلم پولیس نے بتایا کہ ایس پی انویسٹی گیشن محمد حسیب راجہ کی زیر نگرانی مقدمہ نمبر 137 بجرائم 295A/295B ت پ تھانہ کالا گوجراں کی تفتیش کے سلسلہ میں تشکیل کردہ انویسٹیگیشن ٹیموں کا محلہ محمود آباد کے علاقہ میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن جاری ہے۔
آپریشن میں تفتیشی ٹیمیں ، مقامی پولیس ، ایلیٹ فورس، لیڈیز پولیس اور سیکیورٹی سٹاف شامل ہیں، تفتیشی ٹیمیں اب تک 6 مشکوک اشخاص کو حراست میں لے کر انٹیروگیشن عمل میں لا رہی ہیں۔ محلہ محمود آباد میں مخبران مامور کر کے نگرانی عمل میں لائی جارہی ہے۔
ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ سرچ آپریشن میں تیزی لائی گئی ہے، نامعلوم ملزمان کی شناخت کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ۔
قبل ازیں ڈی پی او جہلم نے معاملہ کی حساسیت کو مدنظر رکھتےہوئے ایس پی انویسٹی گیشن جہلم کی سربراہی میں اعلی افسران پر مشتمل 2 ٹیمیں تشکیل دے دیں۔
ترجمان جہلم پولیس نے بتایا کہ ایک ٹیم ڈی ایس پی سوہاوہ ، ایس ایچ او کالا گوجراں اور دیگر پر مشتمل جسے آئی ٹی کی مدد حاصل ہو گی جبکہ دوسری ٹیم ڈی ایس پی آرگنائزڈ کرائم یونٹ انسپکٹر نثار احمد ایس ایچ او صدر انچارج آئی ٹی اور دیگران پر مشتمل ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ایس پی انویسٹی گیشن جہلم روز مرہ کی بنیاد پر دونوں ٹیموں سے میٹنگ کر کے فیڈ بیک حاصل کریں گے اور پراگریس سے متعلق ڈی پی او جہلم کو آگاہ رکھیں گے۔



