دینہ میں منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن، وافر مقدار میں آٹا برآمد، تندور مالکان کو جرمانے

دینہ: اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفاء عابد کی ہدایت پر شہر بھر میں منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائیوں کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ مختلف دوکانوں اور گوداموں پر چھاپوں کے دوران وافر مقدار میں آٹا برآمد کیا گیا جبکہ تندوروں اور ہوٹلوں کو بھی حکومتی ریٹ سے زائد روٹی فروخت کرنے پر جرمانے کیے گئے۔
اسسٹنٹ کمشنر صفاء عابد نے واضح کیا ہے کہ کسی کو بھی آٹا ذخیرہ یا بلیک مارکیٹنگ کی اجازت نہیں دی جائے گی اور سرکاری نرخ پر آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی اور قلت کی اس صورتحال میں منافع خوری برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی۔
چیف آفیسر میونسپل کمیٹی دینہ محمد فیصل کی زیرِ نگرانی تندوروں اور ہوٹلوں کی جانچ پڑتال بھی جاری رکھی گئی۔ جہاں ایسے ہوٹل اور تندور جنہوں نے ریٹ لسٹ آویزاں نہیں کی اور حکومتی نرخ سے زائد قیمت پر روٹی/نان فروخت کر رہے تھے، ان پر جرمانے عائد کیے گئے۔
ضلعی انتظامیہ نے خلاف ورزی کرنے والوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ تین دن کے اندر اپنے دکانوں، ہوٹلوں اور تندوروں پر ریٹ لسٹ آویزاں کریں ورنہ سخت کارروائی ہوگی۔ ضلعی حکام نے خاص طور پر خبردار کیا کہ سیلاب یا کسی اور بہانے سے مصنوعی مہنگائی کرنے والے عناصر کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور انھیں قانون کے مطابق سخت سزائیں دی جائیں گی۔
شہریوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے انتظامیہ کی جانب سے بروقت کریک ڈاؤن کی تعریف کی ہے۔ انتظامیہ نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ کسی مشکوک سرگرمی یا منافع خوری کی اطلاع فوراً متعلقہ محکموں کو دیں تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔



