اندھا قتل ٹریس؛ جہلم میں 28 سالہ نوجوان کو قتل کرنے والے 3 ملزمان گرفتار

جہلم پولیس نے اندھے قتل کو ٹریس کر لیا، پولیس نے 28 سالہ نوجوان کو قتل کرنے والے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں تھانہ کالا گجراں کے ایس ایچ او اور ان کی ٹیم نے 28 سالہ نوجوان کے اندھے قتل کو ٹریس کر کے مقتول محمد فرید کے قتل میں ملوث تین ملزمان حمزہ، صائم اور علی شوکت کو گرفتار کر لیا۔
ملزمان نے17 روز قبل جہلم کے علاقہ نواب کالونی میں گھات لگا کر 28 سالہ محمد فرید کو فائرنگ کر کے قتل کیا اور موٹرسائیکلوں پر سوار ہو کر فرار ہو گئے تھے۔
تھانہ کالا گجراں پولیس نے ملزمان سے وقوعہ میں استعمال ہونے والا ناجائز اسلحہ پسٹل 30بور معہ ایمونیشن اور موٹر سائیکل برآمد کر لئے۔
مدعی مقدمہ مقتول فرید کے والد کا کہنا ہے کہ میرا بیٹا محمد فرید، صائم کو علی شوکت سے ملنے سے منع کرتا تھا جس کا ملزم علی شوکت کو رنج تھا، اس پر ملزم علی شوکت نے صائم اور حمزہ کے ساتھ مل کر میرے بیٹے کو قتل کیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اندھے قتل کو ٹریس کرتے ہوئے نامعلوم ملزمان کی گرفتاری کالا گجراں پولیس کے لئے بڑا چیلنج تھا۔
ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے ڈی ایس پی صدر، ایس ایچ او کالا گجراں اور ٹیم کو بھر پور شاباش، تعریفی سرٹیفکیٹس اور ٹیم کے لئے نقد انعام کا اعلان کیا اور کہا کہ ملزم چاہے کتنے ہی شاطر کیوں نا ہوں قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔
تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں



