حکومت شہریوں کو مفت علاج معالجے کی سہولیات دینے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، ڈپٹی کمشنر جہلم

جہلم: طبی سہولیات کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے ہیلتھ کلینک اور سول ہسپتال کا دورہ کیا جہاں مریضوں سے علاج کی سہولیات بارے آگاہی حاصل کرتے ہوئے طبی عملہ کو بہترین خدمات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
تفصیلات کے مطابق ضلع جہلم میں طبی سہولیات کے معیار کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم سید میثم عباس نے مریم نواز ہیلتھ کلینک بلال ٹاؤن اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے مریضوں سے فراہم کی جانے والی علاج معالجے کی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور عملے کے رویے کے بارے میں تفصیلی گفتگو کی۔
ڈپٹی کمشنر نے دونوں اداروں میں سٹاک رجسٹر اور سٹاف حاضری کو چیک کیا اور طبی عملے کو ہدایت دی کہ مریضوں کو بہترین علاج فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب شہریوں کو مفت علاج معالجے کی سہولیات دینے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، اس لیے تمام متعلقہ عملہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اپنا کردار احسن طریقے سے ادا کرے۔



