جہلم کے شہری پانی سے محروم، میونسپل کمیٹی کا شعبہ واٹر سپلائی واسا کے حوالے

جہلم کے شہریوں کو آسمان سے گرا کھجور میں اٹکا کی کیفیت کا سامنا۔
میونسپل کمیٹی کا شعبہ واٹر سپلائی واسا کے حوالے کیے جانے کے بعد گنجان آباد علاقے پروفیسر کالونی، گلشن ٹاؤن، گلشن فیروز، گلزاری کالونی، فاضلیہ اور کوثر کالونی پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے کربلا کا منظر پیش کرنے لگے۔
شہریوں نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو میں بتایا کہ گزشتہ چھ روز سے نامعلوم وجوہات کی بنا پر واسا کے عملے نے واٹر سپلائی بند کر رکھی ہے۔ میونسپل کمیٹی سے رابطے پر متعلقہ عملے نے کہا کہ پانی اور سیوریج کے تمام معاملات واسا کے سپرد کر دیے گئے ہیں۔
موقف جاننے پر واسا کے ذمہ دار کاشان حفیظ بٹ نے کہا کہ ہمارے علم میں اس نوعیت کی کوئی بات نہیں، تاہم معاملے کی فوری جانچ کروا لیتے ہیں۔
پانی کی شدید قلت کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے اور انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لے کر بنیادی سہولت کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔



