محرم الحرام؛ یوم عاشور پر ضلع جہلم میں 31 جلوس برآمد اور48 مجالس کا انعقاد ہو گا

جہلم:یوم عاشور ضلع بھر میں علم ذوالجناح کے 31 جلوس برآمد ہوں گے، 48 مجالس کا انعقاد ہوگا۔ یوم عاشور پر سکیورٹی انتظامات مکمل کر لئے گئے، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کی نگرانی میں 1200 سے زائد پولیس اہلکار یوم عاشور پر سکیورٹی فرائض سرانجام دیں گے۔

رپورٹ کے مطابق نواسہ رسول حضرت امام حسینؑ اور ان کے ساتھیوں کی اسلام کی سربلندی اور حق و صداقت کیلئے میدان کربلا میں دی گئی عظیم قربانی کی یاد میں ملک بھر کی طرح ضلع جہلم میں بھی 6 جولائی بروز اتوار کو یوم عاشور مذہبی عقیدت احترام کے ساتھ منایا جائے گا، ضلع بھر میں چھوٹے بڑے کل 31 جلوس برآمد ہوں گے جبکہ 48 مجالس منعقد ہوں گی۔ جہلم شہر میں یوم عاشور پر چار مقامات سے جلوس برآمد ہوں گے۔

جہلم شہر میں پہلا بڑا جلوس سخی شاہ بھور سے برآمد ہوگا، دوسرا جلوس شمالی محلہ، تیسرا امام بارگاہ جعفریہ اور چوتھا جلوس بیٹھک شیخ مراد بخش سے برآمد ہوگا۔ چاروں جلوس اہلحدیث چوک میں اکھٹے ہوکر مرکزی جلوس کی شکل اختیار کریں گے۔ مرکزی جلوس روائتی راستوں سے ہوتا ہوا بعیت العباس پر شام کو اختتام پذیر ہوگا۔

سٹی سرکل جہلم، صدر سرکل، سوہاوہ سرکل اور پنڈدادنخان سرکل میں جلوس برآمد ہوں گے۔ منعقدہ مجالس و جلوس کی سکیورٹی کے حوالے سے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں جو تمام جلوسوں اور مجالس کی نگرانی بذریعہ ڈرون اور سیف سٹی کیمروں سے کی جائے گی۔

جلوسوں اور مجالس کے انٹری پوائنٹس پر واک تھرو گیٹ اور بذریعہ میٹل ڈیٹیکٹر چیکنگ کا عمل سرانجام دیا جائے گا۔ تمام مجالس و جلوسوں پر باڈی سرچ کے لیے تربیت یافتہ والنٹیئرز تعینات کیے جائیں گے۔ جلوسوں اور مجالس پر پارکنگ کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پاک فوج، رینجر اور جہلم پولیس کی ریزرو فورس کے دستے سٹینڈ ٹو رہیں گے۔

اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ عاشورہ کے ایام میں جہلم پولیس پہلے سے زیادہ الرٹ ہو کر اپنی ڈیوٹی سر انجام دے گی اور کسی سماج دشمن عناصر کو تخریب کاری کی اجازت ہر گز نہ دی جائے گی۔ وال چاکنگ نفرت انگیز مواد کی تشہیر اور سوشل میڈیا پر کسی بھی قسم کے اشتعال انگیز مواد کی اجازت نہ ہوگی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button