امام حسینؑ کی قربانی حق، صداقت اور اصولوں پر ڈٹ جانے کی لازوال مثال ہے، بلال اظہر کیانی

جہلم: وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے اور وزیراعظم ڈلیوری یونٹ کے سربراہ بلال اظہر کیانی نے یوم عاشور کے موقع پر اپنے انتخابی حلقے جہلم کا خصوصی دورہ کیا، جہاں انہوں نے مرکزی جلوسوں، سیکیورٹی انتظامات، صفائی اور دیگر سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر میثم عباس اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے وزیر مملکت کو جلوسوں کے لیے کیے گئے انتظامات، از خود نگرانی کے نظام، صفائی، طبی سہولیات، اور عزاداروں کی سہولت کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔

بلال اظہر کیانی نے سول لائنز میں مرکزی جلوس کے روٹ کا دورہ کیا اور سیف سٹی کنٹرول روم سے شہر بھر کے حالات اور انتظامات کا براہ راست مشاہدہ بھی کیا۔ انہوں نے جلوس کے راستے میں لگائی گئی سبیلوں، عارضی طبی مراکز، "ستھرا پنجاب” ٹیمز کی جانب سے مسلسل صفائی کے عمل، اور جدید ٹیکنالوجی کے تحت نگرانی کے نظام کو سراہا۔

ضلعی انتظامیہ نے انہیں کیمروں، ڈیجیٹل سرویلنس اور ڈیٹا اینالٹکس کے ذریعے سیکیورٹی کی بروقت نگرانی کے عمل سے آگاہ کیا۔ وزیر مملکت نے امن کمیٹی کے ارکان، جلوس منتظمین اور علماء کرام سے ملاقات کی، ان کے تعاون پر شکریہ ادا کیا اور موقع پر موجود عزاداروں سے بات چیت کرکے انتظامات سے متعلق ان کی رائے بھی لی۔

اپنے خطاب میں بلال اظہر کیانی نے حضرت امام حسینؑ اور ان کے ساتھیوں کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ "حضرت امام حسینؑ، اہل بیت اطہار اور ان کے 72 جانثار ساتھیوں کی قربانی بہادری، سچائی اور اصولوں پر قائم رہنے کی لازوال مثال ہے۔ امام عالی مقامؑ نے ظلم و جبر کے سامنے سر نہ جھکا کر ہمیں حق کے لیے ڈٹ جانے کا ابدی درس دیا۔”

بلال اظہر کیانی نے محرم الحرام کے سلسلے میں پنجاب بھر میں کیے گئے انتظامات کو "صوبے کی تاریخ میں بہترین” قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت کو سراہا اور کہا کہ ان کی ہدایت کے تحت ایک نئی اور مثبت انتظامی روایت قائم کی گئی ہے۔ انہوں نے سیکیورٹی فورسز، ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ کے اہلکاروں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کی محنت کو قوم کا قیمتی سرمایہ قرار دیا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button