جہلم میں شہید سب انسپکٹر اشتیاق احمد کی 27ویں برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی

جہلم: پنجاب پولیس کے بہادر سپوت شہید سب انسپکٹر اشتیاق احمد کی ستائیسویں برسی کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد تھانہ چوٹالہ کے علاقہ چکری راجگان میں واقع ان کی لحد پر کیا گیا، جس میں جہلم پولیس کے افسران، جوانوں اور مقامی افراد نے شرکت کی۔

تقریب میں جہلم پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کی قبر پر سلامی پیش کی جبکہ ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ چوٹالہ سمیت دیگر پولیس افسران نے شہید کی مزار پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور ان کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔

سب انسپکٹر اشتیاق احمد اس وقت تھانہ ڈھڈیال ضلع چکوال میں بطور ایس ایچ او تعینات تھے، جب انہیں مشکوک افراد کی ایک گاڑی کے بارے میں اطلاع ملی۔ وہ اپنی پولیس ٹیم کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے تو مشکوک افراد نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ جامِ شہادت نوش کر گئے۔ ان کی یہ قربانی نہ صرف ان کی پیشہ ورانہ ذمہ داری کا مظہر ہے بلکہ ملک و ملت کے لیے ان کی بے مثال وفاداری کی علامت بھی ہے۔

اس موقع پر ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے اپنے پیغام میں کہا کہ شہداء پولیس ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، جن کی عظیم قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ یہ ہمارے وہ محسن ہیں جنہوں نے بہادری اور شجاعت کی ایسی داستانیں رقم کیں جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہداء پولیس نے اپنا آج ہمارے کل پر قربان کر کے یہ ثابت کیا ہے کہ ہم اپنی قوم اور وطن کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔ شہداء کی فیملیز ہماری ذمہ داری ہیں، جنہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

تقریب کے اختتام پر شہید کی مغفرت، درجات کی بلندی اور ان کے لواحقین کے صبر کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ پولیس افسران نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دی جائیں گی اور ان کے مشن کو جاری رکھا جائے گا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button