انٹرنیشنل فائر فائٹرز ڈے کے موقع پر جہلم میں فرضی آگاہی مشقیں اور سیمینار کا انعقاد

جہلم: سیکرٹری / بانی ڈائر یکٹر جنرل ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارہ امیتاز) کے خصوصی ہدایات کی روشنی میں فائر فائٹرز کے عالمی دن کے موقع پر ریسکیورز نے فائر فائٹنگ اور فائر سیفٹی کے متعلق فرضی مشقوں اور آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے آگ لگنے کے واقعات اور ان میں ہونے والے جانی و مالی نقصان اور ان واقعات پر ریسکیو ٹیموں کی جانب سے ریسپانس کرتے وقت درپیش آنے والی مشکلات کے بارے میں شرکاء کو آگاہی فراہم کی۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر سعید احمد نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد دنیا بھر کے فائر فائٹرز کی عظیم قربانیوں کا یاد کرنا ہے جو انہوں نے اپنے فرائض سرانجام دیتے ہوئے دیں۔ فائر فائٹرز ہمارے وہ ہیروز ہیں جو اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر بڑی آگ اور مشکل ترین حالات میں بھی آگ پر قابو پانے کیلئے مصروفِ عمل ہوتے ہیں۔

انکا مزید کہنا تھا کہ آج کے دن ہمیں یہ عہد بھی کرنا ہے کہ ہمارے اردگرد جو بھی بلندوبالا عمارات تعمیر ہو رہی ہیں یا ہو چکی ہیں ان میں فائر سیفٹی اور بلڈنگز کوڈز کو یقینی بنانے میں ریسکیو 1122 جہلم کے شانہ بشانہ ساتھ دیتے ہوئے محفوظ تعمیرات اور معاشرہ کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی کا کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن ریسکیو 1122کے ساتھ مل کر شہر میں موجود بلند و بالا عمارتوں میں فائر سیفٹی کی آگاہی مہم کے حوالےسے حصہ لیں گی اور فائر سیفٹی کے اصولوں کو لاگو کروانے میں ریسکیو 1122 سے بھرپور تعاون فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ عالمی فائر فائٹرز ڈے پر ہم اپنے فائر فائٹرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کی خاطر اپنی جانوں کی پرواہ نہیں کرتے، ریسکیو 1122کے تمام سٹاف خصوصا فائر ریسکیورز ہمارے ملک کااہم ترین اثاثہ ہیں۔

اس حوالے سے منعقدہ اجلاس میں ریسکیو1122کی جانب سے گزشتہ سال کے دوران کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی جس پر ڈی سی جہلم نے ریسکیو 1122کی بہترین کارکردگی کو سراہا اور تمام سٹاف کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ ملک کا بہترین اثاثہ ہیں جو اپنی ڈیوٹی انتہائی ذمہ داری او ر ملکی خدمت سمجھ کر ادا کرتے ہیں، ضلعی انتظامیہ آپ کی کارکردگی کو دیگر اداروں کیلئے مثال کے طورپر پیش کرتی ہے۔

ڈپٹی کمشنر جہلم نے ریسکیو 1122 جہلم کی کارکردگی کو سراہا اور ریسکیوز کی حوصلہ افزائی کی اور اس موقع پر سال 2023 میں بہترین کارکردگی دکھانے والے ریسکیوز کو اعزازی شیلڈز سے بھی نوازا گیا۔ آئندہ بھی اسی جوش و جذبے سے اپنے کام کو پوری محنت اور لگن سے جاری رکھنے کی تلقین کی۔

سیمینار میں موجود شرکاء نے بھی اس دن کے حوالے سے فائر فائٹرز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ریسکیو 1122 کے اقدام کو سراہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ محفوظ تعمیرات اور معاشرہ میں اپنا کردار ضرور ادا کریں گے۔ اس موقع پر جان قربان کرنے والے فائر فائٹرز کیلئے خیر اور درجات بلندی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button