وزیر اعلیٰ پنجاب کی تین مرلہ مفت پلاٹ سکیم کے درخواست دہندگان انتظا ر میں رل گئے

سوہاوہ/ پڑی درویزہ: پھکی پے گئی چناں تاریاں دی لو ، تو اجے وی نہ آئیوں سجناں ۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی تین مرلہ مفت پلاٹ سکیم کے درخواست دہندگان انتظا ر میں رل گئے ۔انٹر نیٹ پر آن لائن رجسٹریشن کے لئے کوئی سلسلہ ظاہر نہیں کیا جا رہا ۔ شہر و دیہات کے کئی سائلین نے مشترکہ طور پر وزیر اعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے بے گھر اور بے زمین افراد کے لیے اعلان کردہ "تین مرلہ مفت پلاٹ سکیم” کے تحت رجسٹریشن کے خواہشمند شہری شدید مایوسی اور بے یقینی کا شکار ہو گئے ہیں کیونکہ اعلان کے دو ماہ بعد بھی آن لائن رجسٹریشن پورٹل دستیاب نہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چند ماہ قبل اعلان کیا تھا کہ پنجاب کے 19 اضلاع میں ہر بے گھر شہری کو تین مرلے کا پلاٹ مفت فراہم کیا جائے گا۔ یہ پلاٹ شہریوں کو "اپنا گھر سکیم” کے تحت قرضہ حاصل کرنے کا اہل بھی بنائیں گے۔ تاہم شہریوں کو آن لائن درخواست دینے کے لیے جس پورٹل کا ذکر کیا گیا تھا، وہ تاحال انٹرنیٹ پر دستیاب نہیں۔
شہریوں نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے معروف پنجابی گانے کے بول میں کہا کہ "پھکی پے گئی چناں تاریاں دی لو، تو اجے وی نہ آئیوں سجناں” یعنی اسکیم کا اعلان تو ہو گیا مگر عملدرآمد کا ابھی تک کوئی نشان نظر نہیں آ رہا۔
شہر و دیہات کے درجنوں سائلین نے انٹرنیٹ پر بارہا پورٹل تلاش کرنے کی کوشش کی، مگر ہر بار انہیں یہی جواب ملا کہ "اعلان ہونے پر درخواستیں سرکاری پورٹل کے ذریعے جمع ہوں گی”۔ تاہم اب تک نہ تو کوئی واضح تاریخ دی گئی ہے، نہ ہی کوئی لنک یا ویب سائٹ فراہم کی گئی ہے۔
متاثرہ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیں اور جلد از جلد "تین مرلہ مفت الاٹمنٹ سکیم” کے لیے آن لائن پورٹل کا باقاعدہ اجرا کیا جائے تاکہ صوبہ بھر کے ہزاروں مستحق افراد اس سہولت سے بروقت فائدہ اٹھا سکیں۔



