دینہ میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاجی ریلی نکالی گئی

دینہ میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے ایک بڑی ریلی نکالی گئی، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
اس ریلی میں خصوصی طور پر مفتی اعظم غزہ ڈاکٹر محمود یوسف الشوبکی بھی شریک ہوئے، جنہوں نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے فلسطین کے عوام کے لیے پاکستان کے عوام کی حمایت کا شکریہ ادا کیا۔
مفتی اعظم غزہ ڈاکٹر محمود یوسف الشوبکی نے کہا کہ وہ حکومت پاکستان، تاجروں، علماء اور تمام افراد کے شکر گزار ہیں جنہوں نے فلسطینی عوام کے حق میں آواز بلند کی۔ انہوں نے کہا کہ "ہم اللہ کے وعدوں پر یقین رکھتے ہیں، اور ہم جانتے ہیں کہ انشاء اللہ فتح ہماری ہوگی۔ مسلمان اللہ کے راستے پر ڈٹے ہوئے ہیں اور قربانیاں دے رہے ہیں، ہماری بہنوں کے ہاتھوں میں جہاد کے پرچم ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ دینہ کی عوام نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ فلسطینیوں کے لیے جان قربان کرنے کو تیار ہیں اور اس جذبے کو سراہا۔
پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر احسان اللہ منصور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "انسانیت صرف امریکہ اور یورپ میں نہیں ہے، وہاں تو جانوروں کے حقوق بھی زیادہ محفوظ ہیں۔ غزہ میں پچھلے 15 ماہ میں 55 ہزار افراد قتل کیے گئے جن میں ستر فیصد بچے اور عورتیں شامل ہیں۔” انہوں نے اسرائیل پر عالمی برادری کی خاموشی پر بھی سخت تنقید کی اور کہا کہ اسرائیل نے جھوٹ بول کر فلسطینیوں کے حقوق پامال کیے ہیں۔
اس موقع پر دیگر مقررین میں جماعت اسلامی کے ضلعی امیر ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری، جماعت علماء اسلام کے ضلعی صدر قاری خالد، پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی کوآرڈینیٹر مرزا ظفر اقبال، صرافہ یونین کے سرپرست اعلیٰ رانا شکیل اشرف، صدر رانا یاسر زرگر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ فلسطین جانے کی اجازت دی جائے تاکہ مسلمان اپنے بھائیوں کا دفاع کر سکیں۔
ریلی میں شریک افراد نے فلسطینیوں کے حق میں بینرز اٹھا رکھے تھے اور اسرائیل کے خلاف نعرے لگائے۔ یہ ریلی اس بات کا غماز تھی کہ دینہ کے شہری فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے حقوق کے لیے آواز اٹھا رہے ہیں۔



