ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ کی تھانہ سول لائنز میں کھلی کچہری، سائلین کی داد رسی کی

جہلم: انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب ڈاکٹرعثمان انور اور آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا کی ہدایات پر ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے تھانہ سول لائنز میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔

کھلی کچہری میں شہریوں کی درخواستوں کی سماعت کی گئی اور مسائل سنے گئے، ڈی پی او جہلم نے متعلقہ افسران کو سائلین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے احکامات جاری کئے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ کھلی کچہریوں میں پولیس افسران عوام کے سامنے جوابدہ ہوتے ہیں،سائلین کے مسائل فوری طور پر حل کر کے داد رسی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کھلی کچہریوں میں پیش ہونے والے شہریوں کی درخواستوں کا ریکارڈ آن لائن سافٹ ویئر شکایات مینجمنٹ سسٹم پر رکھا جاتا ہے اور مقرر کردہ ٹائم لائن پر ان درخواستوں کے بارے میں متعلقہ افسران سے فالو اپ لیا جاتا ہے۔ متعلقہ افسران کی جانب سے کارروائی کو ہر ممکن یقینی بنایا جاتا ہے۔

تھانہ سول لائنز کا دورہ

قبل ازیں ڈی پی او جہلم ناصرمحمود باجوہ نے تھانہ سول لائنز کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران ڈی پی او جہلم کا تھانہ کی بلڈنگ،SIPs پروٹوکول،فرنٹ ڈیسک،مال خانہ تھانہ،حوالات تھانہ اور میس ہال کا بھی جائزہ لیا۔

اس موقع پر ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ سرکاری تنصیبات اس ملک و قوم کی امانت اور پنجاب پولیس کا اثاثہ ہیں،ان کی دیکھ بھال اور حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں دی گئی ٹائم لائن کے اندر ایف آئی آر کے اندراج کو یقینی بنایا جائے۔

ڈی پی او جہلم نے افسران کو زیر تفتیش مقدمات کو بھی جلد از جلد یکسو کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ فرنٹ ڈیسک اچھی حالت میں کام کرنے چاہئے، اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے، شہریوں کے ساتھ اچھے اخلاق سے پیش آئیں اور مسائل کے حل کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ تھانہ جات کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ پولیس کی کارکردگی جانچنے کےلئے تھانوں اور دفاتر کے وزٹ کا سلسلہ جاری رہے گا۔

تھانہ صدر کی نئی عمارت کا دورہ

بعد ازاں ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے تھانہ صدر کی نئی عمارت کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران ایس ڈی پی او صدر، ڈی ایس پی انویسٹیگیشن، آفس سپرنٹنڈنٹ اور ایس ڈی او بلڈنگ بھی ان کے ہمراہ تھے۔

آفس سپرنٹنڈنٹ محمد علی اور ایس ڈی او بلڈنگ نصراللہ خان نے ڈی پی او جہلم کو جاری تعمیراتی کام کے حوالے سے بریف کیا۔

ڈی پی او جہلم نے زیر تعمیر بلڈنگ کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نئی بلڈنگ کی تعمیر سے پولیس افسران کو اچھی رہائش ملے گی۔ نئی عمارت کی تعمیر سے تھانے میں آنے والے شہریوں کو مزید سہولیات میسر آئیں گی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button