سوہاوہ: ڈومیلی کی ترقی میری اولین ترجیح، تمام رابطہ سڑکیں مکمل ہوگئی ہیں، چوہدری فرخ الطاف

سوہاوہ: ڈومیلی کے علاقے میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ اسی سلسلے میں گزشتہ روز دانی دہرہ سے پدھری تک 10 کلومیٹر طویل سڑک کا افتتاح کر دیا گیا۔
اس موقع پر ایم این اے چوہدری فرخ الطاف اور سابق ایم پی اے راجہ یاور کمال نے خصوصی شرکت کی۔ افتتاحی تقریب کا انعقاد بھوجوموڑہ گاؤں میں سابق چیئرمین یونین کونسل کوہالی ماسٹر عاشق حسین کی جانب سے کیا گیا، جہاں مہمانوں کا شاندار استقبال کیا گیا، پھولوں اور کرنسی نوٹوں کی برسات کی گئی۔
تقریب میں ایم این اے چوہدری فرخ الطاف، سابق ایم پی اے راجہ یاور کمال، معروف سیاسی رہنما ڈاکٹر فضل الحق فضلی، چوہدری عثمان مانی، مہر امان اللہ، مہر ضیاء اللہ سیکرٹری، چوہدری بوٹا، طاہر پٹواری، چوہدری فیصل، راجہ عبدالستار، راجہ جہانزیب ڈومیلی، چوہدری احسن، ٹھیکیدار منیر احمد سمیت دیگر اہم شخصیات اور اہل علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری فرخ الطاف نے کہا کہ "ڈومیلی کی ترقی میری اولین ترجیح رہی ہے۔ میں یہاں کے مسائل سے بخوبی واقف تھا، اسی لیے علاقے میں سڑکوں کا جال بچھایا، بجلی کی سہولت ہر گاؤں تک پہنچائی جبکہ گلیوں اور نالیوں کی تعمیر کے لیے کروڑوں روپے کے فنڈز منظور کروائے۔ جو رابطہ سڑکیں باقی رہ گئی ہیں، وہ بھی جلد مکمل ہوں گی۔”
سابق ایم پی اے راجہ یاور کمال نے کہا کہ "عوام نے جس طرح ہمیں ووٹ دے کر حق ادا کیا، ہم نے بھی ان کے مسائل کو اولین بنیادوں پر حل کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے۔ ترقیاتی کاموں کا یہ سلسلہ جاری رہے گا، بہت جلد مزید منصوبے شروع کیے جائیں گے تاکہ علاقے کو مزید ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔”
سیاسی رہنما ڈاکٹر فضل الحق فضلی نے اپنے خطاب میں کہا کہ "2018 سے قبل 20 سال تک یہاں کے عوام کو برادری اور رشتہ داری کی بنیاد پر ووٹ مانگ کر دھوکہ دیا گیا۔ وہ لوگ جھوٹے وعدے کرتے رہے اور علاقے کو کھنڈرات میں تبدیل کر دیا۔ لیکن عوام نے 2024 کے انتخابات میں ترقی کو بنیاد بنا کر ووٹ دیا، جس کا نتیجہ یہ ہے کہ آج علاقے میں حقیقی ترقی ہو رہی ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ "چوہدری فرخ الطاف کو مسلم لیگ (ن) کی قیادت، نواز شریف اور مریم نواز نے ان کے ترقیاتی کاموں کی بنیاد پر 2024 میں ٹکٹ دیا۔ ہم ان شاء اللہ تحصیل پنڈ دادنخان میں بھی ریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل کریں گے۔ ڈیول کیریج سڑک کے فنڈز بھی منظور ہو چکے ہیں اور اس پر جلد کام شروع کر دیا جائے گا۔”
راجہ یاور کمال نے ماسٹر عاشق حسین کی جانب سے شاندار جلسے کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ "یہ ایک افتتاحی تقریب تھی، لیکن ماسٹر عاشق حسین نے اسے ایک کامیاب عوامی جلسے میں تبدیل کر دیا۔ میں انہیں اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔”
اختتام پر ماسٹر عاشق حسین کے صاحبزادے نے تمام مہمانوں اور اہلِ علاقہ کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے تقریب کو کامیاب بنایا۔



