غربت اور مہنگائی کے باعث لنڈا بازاروں میں خریداروں کا رش، پرانے کپڑوں کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں

جہلم شہر اور مضافاتی علاقوں میں غربت، مہنگائی اور بیروزگاری کے باعث عید الفطر کے موقع پر کم آمدن والے افراد نے نئے کپڑوں کی بجائے لنڈا بازاروں کا رخ کر لیا۔
لنڈا بازاروں میں عید کی تیاریوں کے پیش نظر پرانے کپڑوں کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے تاکہ خریداروں کو متوجہ کیا جا سکے۔ لنڈا بازاروں میں بھی پرانے کپڑوں کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس کے باعث متوسط طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہو گیا ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے باعث نئے کپڑے خریدنا ممکن نہیں، اس لیے وہ پرانے اور استعمال شدہ کپڑے خریدنے پر مجبور ہیں۔ تاہم، لنڈا بازاروں میں بھی کپڑوں کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے، جس سے عام شہری مزید پریشانی میں مبتلا ہو گئے ہیں۔
شہریوں نے شکوہ کیا کہ بیروزگاری اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث بچوں کے لیے نئے کپڑے خریدنا مشکل ہو گیا ہے، کیونکہ بچے نئے کپڑوں کی ضد کرتے ہیں، مگر والدین کو اپنے لیے پرانے کپڑوں پر اکتفا کرنا پڑ رہا ہے۔
شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مہنگائی پر قابو پایا جائے تاکہ غریب اور متوسط طبقے کے افراد بھی اپنے بچوں کو خوشیوں میں شریک کر سکیں اور بنیادی ضروریات پوری کر سکیں۔



