حکومت عوامی فلاح و بہبود کے لیے سنجیدگی سے کام کر رہی ہے، بلال اظہر کیانی


جہلم: ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ممبر قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی، ڈپٹی کمشنر جہلم محمد میثم عباس اور ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں تمام ضلعی محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس ڈی سی آفس جہلم میں منعقد ہوا، جس میں امن و امان، ترقیاتی منصوبوں، عوامی مسائل کے حل اور دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں ضلع جہلم میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا اور ان کی بروقت تکمیل کے لیے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔
اجلاس میں عوامی سہولیات کے لیے جاری منصوبوں کو جلد مکمل کرنے اور ان کو فعال بنانے کے حوالے سے مختلف تجاویز زیر بحث آئیں۔ اس دوران ڈی پی او جہلم طارق عزیز نے ضلع میں امن و امان کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق ضلع کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کرنا اولین ترجیح ہے۔ تمام ضلعی افسران کو ہدایت کی گئی کہ وہ عوامی مسائل کو فوری طور پر حل کریں تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ممبر قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی نے کہا کہ پنجاب حکومت عوامی فلاح و بہبود کے لیے سنجیدگی سے کام کر رہی ہے، ضلعی انتظامیہ اور مقامی نمائندوں کی ذمہ داری ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کو بروقت اور معیاری انداز میں مکمل کریں۔
اجلاس میں رمضان المبارک کے دوران سہولت بازاروں کے قیام اور پنجاب حکومت کی جانب سے راشن پروگرام کے لیے رجسٹریشن کے عمل پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔



