امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، ڈی پی او جہلم طارق عزیز

جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کی زیر قیادت ڈی پی او آفس جہلم میں ضلعی امن کمیٹی کے ممبران کے ساتھ ایک اہم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ میٹنگ کا مقصد جہلم شہر میں امن و امان کے حوالے سے مشاورت کرنا اور مختلف اداروں کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کرنا تھا۔
میٹنگ میں امن کمیٹی کے ممبران نے شہر میں امن و امان کے قیام کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی اور اس بات پر زور دیا کہ مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے اور امن کی فضاء کو برقرار رکھنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔
ممبران امن کمیٹی نے کہا کہ ہم سب ایک جماعت کی طرح ہیں اور شہر میں امن و امان کی فضا قائم رکھنے کے لیے ہمیشہ کوشاں ہیں۔
علماء کرام نے اس موقع پر یقین دہانی کرائی کہ وہ جہلم شہر میں بھائی چارے کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمیشہ جہلم پولیس کے ساتھ شانہ بشانہ رہیں گے تاکہ شہر میں امن قائم رکھا جا سکے۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور علماء کرام کا کردار اس حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں امن کے قیام کے لیے ضلعی انتظامیہ اور دیگر اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھا جائے گا تاکہ جہلم کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکے۔



