موٹروے پولیس کی دھند کے موسم کیلئے خصوصی ٹریول ایڈوائزری جاری

3
جہلم: نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس نے موسم سرما میں بڑھتی ہوئی دھند کے پیش نظر عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے خصوصی ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔
موٹر وے پولیس کے مطابق دھند کی وجہ سے قومی شاہراہوں پر ڈرائیورز کی حد نگاہ میں نمایاں کمی واقع ہوتی ہے، جس کے باعث حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے شدید دھند کی صورت میں موٹرویز کو عارضی طور پر ٹریفک کے لیے بند بھی کیا جا سکتا ہے۔
موٹر وے پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دھند کے موسم میں صبح 10 بجے سے رات 8 بجے کے درمیان سفر کریں اور حتی الامکان رات کے وقت سفر سے گریز کریں، تاکہ موٹروے کی ممکنہ بندش کی وجہ سے پیش آنے والی مشکلات سے بچا جا سکے۔
محفوظ سفر کے لیے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کی جاری کردہ اہم ہدایات درج ذیل ہیں:
- گاڑی میں فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں۔
- ونڈ اسکرین وِپرز درست حالت میں ہوں۔
- گاڑیوں کے درمیان معمول سے زیادہ محفوظ فاصلہ رکھیں۔
- دھند کے دوران ہائی بیم کا استعمال ہرگز نہ کریں، کیونکہ اس سے حد نگاہ مزید کم ہو جاتی ہے۔
- سفر شروع کرنے سے قبل ہیلپ لائن 130، سوشل میڈیا ہینڈلز NHMP یا ایف ایم 95 کے ذریعے سڑک اور موسم کی تازہ ترین صورتحال ضرور چیک کریں۔
ڈی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس نے کہا کہ عوام کے محفوظ سفر کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے اور پولیس اس سلسلے میں ہمہ وقت سرگرم عمل ہے۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل کریں تاکہ کسی بھی غیر متوقع حادثے سے بچا جا سکے۔



