جہلم میں امیر المومنین حضرت علی ؑ کا یوم ولادت عقیدت و احترام سے منایا گیا

جہلم: پاکستان سمیت دنیا بھر میں مولود کعبہ، امیر المومنین حضرت علیؑ ابن ابی طالب کا یوم ولادت انتہائی عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔

اس موقع پر مساجد، امام بارگاہوں، اولیاء کے مزارات، درگاہوں اور عوامی مقامات پر محافل اور جشن مولود کعبہ کی تقریبات منعقد کی گئیں۔ علماء و ذاکرین نے ان محافل میں حضرت علی المرتضیٰؑ کی مناقب بیان کیں اور ان کی تعلیمات و سیرت پر روشنی ڈالی۔

جہلم پریس کلب کے معروف سینئر صحافی سید مظہر عباس نقوی نے اپنی رہائش گاہ محلہ عباس پورہ میں منعقدہ جشن مرتضوی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام کو شیطانی قوتوں کے چنگل سے نجات دلانے کے لیے جرات حیدری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ امیر المومنین حضرت علیؑ ابن ابی طالب سر چشمہ فقر و عرفان اور منبع ولایت ہیں، جن کے فیض سے اولیائے کرام نے دنیا بھر میں توحید کی شمعیں روشن کیں اور پیغام رسالت کو عام کیا۔ حضرت علی اپنی پیدائش سے وصال نبوی تک رسول خدا کے ساتھ رہے اور ہر موقع پر ہادی برحق کے یاور و مددگار بنے، چاہے وہ دعوت ذوی العشیرہ ہو، روز مواخات، جنگ بدر، خیبر یا فتح مکہ۔

سید مظہر عباس نقوی نے کہا کہ امت مسلمہ حضرت علی المرتضیٰ کے افکار پر عمل پیرا ہو کر اپنے مسائل اور مشکلات کے گرداب سے نکل سکتی ہے۔ کعبے میں پیدا ہونے والے مولاعلی نے اسلام کی سربلندی کے لیے خانہ خدا میں شہادت پائی، جو ان کی عظمت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button