ڈومیلی پولیس نے جوئے کی بازی الٹ دی، 2 قمار باز رنگے ہاتھوں گرفتار

سوہاوہ: ڈومیلی پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے مرغوں کی لڑائی کے ذریعے جوا کھیلنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں ایس ایچ او تھانہ ڈومیلی اور ان کی ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مرغوں کی لڑائی کے ذریعے جوا کھیلنے والے ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے داؤ پر لگی 5 ہزار روپے رقم، 2 موبائل فونز، 6 موٹر سائیکلز، 2 مرغے اور قمار بازی میں استعمال ہونے والا سامان بھی برآمد کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کا کہنا ہے کہ قمار بازی معاشرتی برائیوں اور جرائم کی جڑ ہے، اس کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور ایسے عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔



