ساون کے رنگ؛ جہلم میں مون سون کی مسلسل بارشیں، نشیبی علاقے زیرِ آب، شہری مشکلات کا شکار

جہلم: پنجاب کے دیگر علاقوں کی طرح ضلع جہلم کے شہری و دیہی علاقوں میں بھی مون سون کی بارشوں کا سلسلہ گزشتہ کئی روز سے جاری ہے، جس نے ساون کے روایتی رنگوں کو نمایاں کر دیا ہے۔
کبھی کالی گھٹائیں اور گرجتے بادل، تو کہیں سورج کی تیز دھوپ، شہریوں کو قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہونے کا موقع تو ملا، مگر مسلسل بارشوں نے زندگی کے معمولات کو شدید متاثر کیا ہے۔
مسلسل بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آ چکے ہیں جبکہ قبرستانوں کی حالت بھی بتر ہو چکی ہے۔ ضلع بھر میں 20 سے زائد سڑکیں تباہ حالی کا شکار ہیں جس سے آمدورفت میں دشواری کا سامنا ہے۔
اس کے علاوہ، بجلی اور ٹیلی فون کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔ بارش کے پانی اور نمی کی وجہ سے مچھروں اور کیڑوں مکوڑوں کی بھرمار ہو گئی ہے، جس کے باعث شہری راتیں جاگ کر گزارنے پر مجبور ہیں۔
شہری حلقوں نے متعلقہ انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ نکاسی آب، صحت و صفائی اور بحالی کا عمل تیز کیا جائے تاکہ معمولاتِ زندگی دوبارہ بحال ہو سکیں۔



