جہلم: پنجاب حکومت صحت کے شعبے میں انقلابی اقدامات کر رہی ہے، مشیر صحت ڈاکٹر محمود کیانی

جہلم: صوبائی مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال جہلم اور زیر تعمیر کارڈیک یونٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ہسپتال کی مجموعی کارکردگی، مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، اور کارڈیک یونٹ کے ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
مشیر صحت نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور مریضوں سے علاج معالجے کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے موقع پر موجود ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو معیاری اور فوری طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور اسپتال کا ماحول صاف، منظم اور مریض دوست ہونا چاہیے۔
کارڈیک یونٹ کی تعمیراتی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ اسے عوام کی خدمت میں لایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کارڈیک یونٹ کے فعال ہونے سے نہ صرف جہلم بلکہ گرد و نواح کے اضلاع میں امراض قلب کے مریضوں کو فوری اور معیاری علاج میسر آئے گا، اور ہنگامی طبی امداد کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئے گی۔
اس موقع پر ہسپتال انتظامیہ سے خطاب کرتے ہوئے مشیر صحت کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت صحت کے شعبے میں انقلابی اقدامات کر رہی ہے، جن کا مقصد شہریوں کو جدید سہولیات کے ساتھ معیاری علاج کی فراہمی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صحت کے تمام منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پنجاب سرکاری اسپتالوں میں سہولیات کو بہتر بنانے، ڈاکٹرز و عملے کی استعداد کار میں اضافہ کرنے اور عوام کے اعتماد کی بحالی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات بروئے کار لا رہی ہے۔



