پنڈدادنخان کا جہلم سے زمینی رابطہ منقطع، سیلابی ریلے سے پل اور سڑک تباہ

پنڈدادنخان/ جہلم: تحصیل پنڈدادنخان کا ضلعی ہیڈکوارٹر جہلم سے زمینی رابطہ ایک بار پھر ٹوٹ گیا۔

داراپور (چک موجو) کے مقام پر سڑک اور عارضی نصب مکینکل پل سیلابی ریلے سے شدید متاثر ہوئے، جس کے باعث چھوٹی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی آمدورفت بھی مکمل طور پر بند ہو گئی۔ مکینکل پل زمین میں دھنسنے سے آمدورفت مزید مشکلات کا شکار ہو گئی ہے۔

شدید بارش اور سیلابی ریلوں کے باعث درجنوں افراد کے مکانات بہہ گئے، مال مویشی ضائع ہو گئے جبکہ ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ و برباد ہو گئیں۔ علاقہ مکین کھلے آسمان تلے بے یارو مددگار بیٹھے ہیں اور حکومتی امداد کے منتظر ہیں۔

اہلِ علاقہ نے شکوہ کیا کہ منتخب عوامی نمائندگان متاثرین کے مسائل سے مکمل طور پر لاتعلق نظر آ رہے ہیں اور اب تک کسی قسم کا ریلیف فراہم نہیں کیا گیا۔

مقامی افراد نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں کا فوری دورہ کریں، متاثرین کی مالی امداد کریں اور بحالی کے اقدامات اٹھائیں تاکہ عوام کو مزید مشکلات سے بچایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button